مکہ مکرمہ ( نمائندگان) لبیک الھم لبیک کی صداؤں کے ساتھ مناسک حج کا آغاز، روح پرور مناظر
سعودی عرب میں دنیا بھر سے آئے ہوئے دس لاکھ مسلمانوں نے مناسک کا آغاز کردیا۔
ہر طرف لبیک اللھم لبیک، لبيك لا شريك لك لبيك، ان الحمد والنعمۃ لك والملك، لا شريك لك کی صدائیں بلند کی جارہی ہیں۔لاکھوں عازمین نے مسجد الحرام میں کعبتہ اللہ کا طواف کیا، آج یعنی جمعرات کو حجاج کرام میدان عرفات جانے سے پہلے مسجد الحرام سے تقریباً 5 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ایک وسیع خیموں والے شہر منیٰ میں رات گزاریں گے۔
جہاں وہ ظہر، عصر، مغرب اور عشا کی نمازیں ادا کریں گے، حجاج کرام 9 ذی الحجہ کو فجر ادا کرکے میدان عرفات کے لیے روانہ ہوں گے جہاں حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے۔حج کے موقع پرمکہ مکرمہ میں درجہ حرات 42 سینٹی گریڈ کی حد تک پہنچ گیا ہے، گرمی سے بچنے کیلئے بہت سے حجاج کرام نے ہاتھوں میں چھتریاں تھام لیں، سعودی حکومت کی جانب سے عازمین میں لاکھوں چھتریاں تقسیم کی گئی ہیں۔مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عازمین حج کے لیے وسیع تر انتظامات کیے گئے ہیں، یہ حج کورونا کے دو سال بعد وسیع پیمانے پر کیا جارہا ہے، اسی تناظر میں عازمین حج کی صحت سے متعلق بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
سعودی حکام نے حجاج کرام کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں 23 اسپتال اور 147 صحت مراکز تیار کیے ہیں۔
ایسے مریضوں کے لیے 1,000 سے زیادہ بستر ہیں جنہیں انتہائی نگہداشت کی ضرورت ہوتی ہے اور 200 سے زیادہ خاص طور پر ہیٹ اسٹروک کے مریضوں کے لیے احتیاطی طور پر خاص اہتمام کیا گیا ہے، وہیں 25,000 سے زیادہ ہیلتھ ورکرز کسی بھی طرح کی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔