اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت وزارت کی سینئر مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزارت منصوبہ بندی کے اعلی حکام، پروجیکٹ ڈائریکٹر زاور مختلف شعبہ جات کے سربراہان نے شرکت کی ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر نے وزارت میں جاری منصوبوں اور شعبہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اس
موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ وزارت منصوبہ بندی کی کارکردگی کو اصلاحات کے نتیجے میں مثالی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکام، شعبہ جات کے سربراہان اور پروجیکٹ ڈائریکٹرز اپنے شعبوں سے متعلق واضح حکمت عملی بنا کر پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک سینٹر آف ایکسیلنس کو تحقیق کا مرکز بننا ہوگا، سینٹر آف ایکسیلنس سی پیک کے دوسرے مرحلے کے منصوبوں کے لیے مستند تحقیق پر مبنی مواد فراہم کر کے حکومت کی رہنمائی کرے۔انہوں نے کہا کہ جائزہ اجلاس میں باقاعدگی لانے کی ضرورت ہے،افسران، شعبہ جات اور جاری منصوبوں کی کارکردگی کے حوالے سے سست روی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، اپنی کارکردگی کا جائزہ لے کر اہداف کا حصول یقینی بنایا جائے گا۔