فیصل آباد (نمائندہ خصوصی )۔ :گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خاں نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان کی بہتری کے کوشاں ہیں،پیپلز پارٹی کا منشوری پیغام گھر گھر پہنچائیں گے،ملکی معیشت میں بہتری کیلئے ہمیشہ پیپلز پارٹی نے اہم کردار ادا کیا ہے، آئندہ بھی ملک و قوم کی بہتری کیلئے تمام اقدامات کو یقینی بنایا جا ئے گا۔ وہ بدھ کی شام چک 456گ ب تاندلیانوالہ فیصل آباد میں دربار پیر برکت علی شاہ کے عرس میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے انہیں اٹک کے ایک عام انسان سے گورنر ہاؤس پہنچادیاکیونکہ پی پی پی غریب اور متوسط طبقہ کی جماعت ہے اسی وجہ سے پیپلز پارٹی نے ہمیشہ متوسط طبقے کیلئے کام کیا ہے۔گورنرنے کہا کہ میں آپ کا بیٹاوبھائی ہوں اورآپ کیلئے دن رات حاضر ہوں۔انہوں نے کہا کہ راحیلہ شہادت بلوچ اورندیم خان بلوچ نے علاقہ میں یونیورسٹی کیمپس کے قیام کی ڈیمانڈ کی ہے ،
جلد ہی یہاں عوام کو یونیورسٹی کیمپس کی خوشخبری دیں گے۔گورنرپنجاب نے کہا کہ اس گرمی میں آپ یہاں تشریف لائے اور میں سمجھتا ہوں میرے لیے یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ آج میں جس گھر میں کھڑا ہوں یہ پہلے دن سے لے کے آج تک پاکستان پیپلز پارٹی کا گھر ہے اور خان شہادت خان بلوچ ایک عظیم انسان،ایک عظیم ورکر،ایک دلیر اور مرد قسم کے بندے تھے جنہوں نے ہمیشہ پاکستان پیپلز پارٹی کا پرچم بلند رکھا۔انہوں نے کہا کہ2008 میں ہماری بہن راحیلہ شہادت بلوچ میرے ساتھ ایم این اے تھیں، اس کے بعد اس دفعہ محمد ندیم خان بلوچ نے پاکستان پیپلز پارٹی سے ایم این اے کا الیکشن لڑا ، تو اس پورے خاندان کو میں ان کی وفاداری، ان کی ہمت، ان کی جرات پرخراج تحسین پیش کرتااور یہ توقع کرتا ہوں کہ یہ اسی طرح اپنی محنت جاری رکھیں گے اور جس طرح 2008 میں یہاں سے پاکستان پیپلز پارٹی جیتی تھی آنے والے الیکشن میں بھی انشااللہ دوبارہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی یہاں سے کامیابی حاصل کرے گی۔سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ اگرہم نے متوسط و غریب طبقے کو مضبوط کرنا ہے توہمیں پیپلز پارٹی کوبھرپور قوت و طاقت اور مینڈیٹ کے ساتھ آگے لیکر آنا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ملک کا حقیقی لیڈر ہے۔انہوں نے کہا کہ میں آپ میں سے ہوں اور انشااللہ میں آپ،پاکستان پیپلز پارٹی کے ورکرز کیلئے اور پنجاب کے کارکنان کیلئے دن رات حاضر ہوں،اگر کسی غریب آدمی کو میری ضرورت ہوگی آپ ایک آواز دیں گے میں حاضر ہوجاؤں گا۔ سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ گورنر ہاؤس لاہور کے دروازے آپ کیلئے ہر وقت کھلے ہیں اور میرے گورنر ہاؤس میں ہوتے ہوئے پنجاب کا ہر کارکن بلا جھجک مجھ سے رابطہ کرسکتا ہے۔