نئی دہلی(نمائندہ خصوصی ):بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمیشن نے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں ہائی کمیشن کے احاطہ میں محفل میلاد کا اہتمام کیا۔تقریب میں تلاوت قرآن پاک، نعت اور درود و سلام کے علاوہ امت مسلمہ کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔مقررین نے انسانی زندگی کے تمام پہلوؤں پر محیط حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی لازوال اور تعلیمات کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر پاکستان ہائی کمیشن کے ناظم الامور سعد وڑائچ نے اس بات پر زور دیا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات ایک مکمل ضابطہ حیات فراہم کرتی ہیں اور انسانیت کو اس کے بے شمار چیلنجز سے نمٹنے کے لیے رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔