لاہور۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نبی کریم ﷺکی تعلیمات کو مشعل راہ بنانا ہی ملک کے تمام مسائل کے حل کی کنجی ہے،آپ ﷺکی سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہو کر دنیا میں امن، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکتا ہے،اسلامی تعلیمات کی بنیاد پر معاشرتی انصاف اور فلاحی ریاست کا قیام ہی ترقی کا ضامن ہے۔وزیراعظم عید میلاد النبی کے موقع پر اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ محفل میلاد سے خطاب کر رہے تھے۔ محفل میلاد میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان ، سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق، صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین سمیت پارٹی کے رہنماوں اور کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ آج کا دن مسلمانوں کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے کیونکہ یہ حضور نبی اکرم ﷺکی ولادت باسعادت کا دن ہے۔وزیر اعظم نے اس موقع پر قوم کو مبارکباد دی اور حضور ﷺکی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں اپنانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں گالی گلوچ، عدم برداشت، بدکلامی اور انتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑنے میں سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ، تفرقہ بازی سے بچنا ہی دنیا اور آخرت کی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقسیم، دشمن کا ایجنڈا ہے جسے ہمیں مل کر ناکام بنانا ہوگا۔ عاشق رسول ہونے کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ ہمارے ہاتھ اور زبان سے کسی کو تکلیف نہ پہ–انہوں نے کہا کہ اسلام کی بہترین تبلیغ یہ ہے کہ ہم اسوہ حسنہ کے مطابق اپنی زندگیاں بسر کریں کیونکہ آقا کریم ﷺکے غلام کا طرز عمل ان کے احکامات کے منافی کبھی نہیں ہوسکتا۔ آج معاشرے میں تقسیم، گالی گلوچ اور انتہا پسندانہ رویے لمحہ فکریہ ہیں،آج کے مبارک دن ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ نبی کریم کی تعلیمات کی روشنی میں منفی رویوں کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔حضور اکرم ﷺ نے جہالت اور قتل و غارت پر فخر کرنے والے معاشرے کو بدل کر رکھ دیا اور صحرا نشین کہلانے والے دنیا کے امام بن گئےاور یہی وجہ تھی کہ آپ کی سچائی اور ایمانداری کی گواہی دشمن بھی دیتے تھے۔آپ ﷺکے اخلاق کو قرآن کی تفسیر بتایا گیا۔آپ دوسروں کا بوجھ اٹھاتے اور دشمنوں سے بھی اخلاق سے پیش آتے تھے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کی بنیاد پر معاشرتی انصاف اور فلاحی ریاست کا قیام ہی ترقی کا ضامن ہے۔ انہوں نے تمام پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ اس مبارک دن پر حضور کے اسوہ حسنہ کی پیروی کرتے ہوئے محبت، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دیں۔ انہوں نے اس موقع پر امت مسلمہ کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایک دوسرے کے ساتھ احترام اور تعاون کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں اسلامی تاریخ کے اس روشن پہلو کو یاد رکھتے ہوئے پاکستان کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھنی چاہئیں جہاں ہر شخص کو انصاف اور مساوی حقوق مل سکیں۔قبل ازیں تقریب کے شرکا سے مفتی نعیم بٹ نے سیرت نبوی پر خطاب کرتے ہوئے نبی ﷺکی زندگی کے کئی پہلووں پر روشنی ڈالی۔