اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشی اعشاریوں میں حالیہ بہتری،افراط زر کی شرح سنگل ڈیجیٹ،پالیسی ریٹ میں 2 فیصد کمی اورپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی عوام کو ریلیف پہنچانے کی حکومتی کوششوں کا حصہ ہے۔مجوزہ آئینی ترمیم کا مقصد عوام کو انصاف کی فوری اور موثر فراہمی ہے۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میں ملک کی مجموعی و سیاسی صورت حال پربات چیت کی گئی۔ ملاقات میں مجوزہ آئینی ترمیم اوراس حوالے سے مشاورت کو وسیع کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں اتفاق کیاگیاکہ چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے دیگر سینئر رہنما بھی مشاورت میں اپنا کردار ادا کریں گے ،آنے والے دنوں میں سیاسی جماعتوں کے ساتھ مزید بات چیت اور مشاورت سے کسی نتیجے پر پہنچنے کی کوشش کی جائے گی۔ –پیر کووزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نےوفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشی اشاریوں میں حالیہ بہتری انتہائی خوش آئند ہے۔گزشتہ ماہ پچھلے کئی سالوں میں پہلی بار افراط زر کی شرح سنگل ڈیجٹ میں آگئی،انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک نے پالیسی ریٹ میں 2 فیصد کمی کی ہے جس سے پاکستانی معیشت پر سرمایہ کاروں کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوا ہے،آج ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی گئی ہے جو عوام کو ریلیف پہنچانے کی حکومتی کوششوں کے حوالے سے ایک اور کاوش ہے ۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں جس کے فضل و کرم سے ملک و قوم کی لیے بتدریج بہتری کے آثار پیدا ہو رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ آئین میں ترمیم اور قانون سازی پارلیمنٹ کا اختیار ہے اور پارلیمنٹ بالادست ادارہ ہے،24 کروڑ عوام نے پارلیمنٹ کو قانون سازی کا مینڈیٹ دیاہے۔مجوزہ آئینی ترمیم کا مقصد عوام کو انصاف کی فوری اور موثر فراہمی ہے،آئینی ترمیم پر تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا سلسلہ جاری رہے گا۔ وفد میں اراکین قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ سید نوید قمر اور مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب شامل تھے۔ملاقات میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔