اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):خلائی اور بالائی ماحولیات کے تحقیقی کمیشن (سپارکو)کے زیر اہتمام عالمی خلائی ہفتہ 4 سے 10 اکتوبر کے دوران منایا جائے گا۔ سپارکو حکام کے مطابق سپیس ویک کو موسمیاتی تبدیلیوں سے تحفظ کے لیے خلائی ٹیکنالوجی کے استعمال کے موضوع کے تحت منایا جائے گا۔سپارکو نے موضوع کی مناسبت سے مختلف کیٹیگریز میں عام لوگوں کے لیے مختلف مقابلوں کا اعلان کیا ہے۔ جن میں "دوبارہ استعمال کریں، کم کریں، آب و ہوا کی بہتری کے لیے ری سائیکل کریں، دکھائیں کہ چھوٹے چھوٹے اقدامات کتنا بڑا فرق لا سکتے ہیں،سرسبز پاکستان کے لیے پودے لگانا اور آئیے پائیدار مستقبل کے لیے پودے لگانے کے لیے مل کر کام کریں شامل ہیں ۔اسی طرح سپیس فارم لمیٹڈ وڈیو چیلنج کے تحت اپنے تخلیقی خیالات کے عنوان سے خلائی ٹیکنالوجی ہمارے سیارے کو بچانے میں کس طرح مدد کر سکتی ہے، طلبا، پیشہ ور افراد یا آب و ہوا کے شعبہ میں دلچسپی رکھنے والے افراد ان مقابلوں میں حصہ لے سکتے ہیں تاکہ آنے والی نسلوں کے لیےبہتر دنیا تشکیل دی جا سکے۔ عالمی خلائی ہفتہ سائنس اورٹیکنالوجی کا بین الاقوامی جشن ہے۔