اینٹورپ( بیلجیم) ۔(اسپورٹس ڈیسک )
برسلز میں پاکستانی سفارت خانہ کے ناظم الامور فراز زیدی نے ثقافتی تبادلہ اور کمیونٹی کے پرجوش جذ بہ کی عکاس تقریب کے حوالہ سےبیلجئیم کے علاقہ اینٹورپ میں ولاندرن کرکٹ کلب کے زیر اہتمام کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کی۔
اس تقریب نے پاکستان اور بیلجئیم کے درمیان بڑھتے ہوئے ثقافتی تعلقات کو اجاگر کیا جبکہ پاکستانی کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ میں حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔مہمان خصوصی کے طور پر ناظم الامور فراز زیدی نے مسرت کا اظہار کرتےہوئے کہا کہ کرکٹ نہ صرف ایک کھیل ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور ثقافتی روابط کو فروغ دینے کا ایک ذریعہ بھی ہے۔ انہوں نے بیلجئیم میں پاکستانی کمیونٹی کی فعال شمولیت اور مقامی کھیلوں میں شراکت کی تعریف کی۔اپنے خطاب میں فراز زیدی نے منتظمین اور شرکاء کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اس طرح کی تقریبات کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر فراز زیدی نے جیتنے والی ٹیموں کی لگن، سپورٹس مین شپ اور جذبے کو سراہتے ہوئے انعامات سے نوازا۔ واضح رہے کہ ولاندرن کرکٹ کلب ٹورنامنٹ بیلجئیم میں پاکستانی کمیونٹی کی متحرک موجودگی کا ثبوت ہے جبکہ یہ بیلجئیم کے مقامی کھلاڑیوں میں کرکٹ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی بھی عکاسی کرتا ہے۔بیلجئیم میں پاکستان کے سفارتخانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس تقریب نے پاکستان کے شاندار ثقافتی ورثے کو کامیابی کے ساتھ فروغ دیا اور قوموں کے درمیان زیادہ افہام و تفہیم کو فروغ دینے میں کھیلوں کی طاقت کا مظاہرہ کیا۔بیلجئیم میں پاکستان کا سفارت خانہ اس طرح کے کامیاب اور بامقصد ایونٹ کے انعقاد پر ولاندرن کرکٹ کلب کو سراہتا ہے۔یہ مشترکہ کوشش پاکستان اور بیلجئیم کے درمیان گہرے احترام اور باہمی افہام و تفہیم کی عمدہ مثال ہے جو مستقبل میں ثقافتی تبادلوں اور تعاون کو جاری رکھنے کی مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔