اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):خاتم النبیین، سرور کونین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت با سعادت کی مناسبت سے ملک بھر میں عید میلاد النبی ؐ 17 ستمبر منگل کو مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی، ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں قصبوں دیہات اور گلی محلوں کی سطح پر میلاد النبیؐ کے جلوس اور درود و سرور کی محافل، گھروں، مساجد ، کاروباری مراکز اور اہم نجی و سرکاری عمارتوں پر چراغاں کا اہتمام کیا جائے گا، ملک اور قوم کی سلامتی ، ترقی اور خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لئے دعائیں مانگی جائیں گی۔یہ دن پیغمبر آخرالزماں ؐ سے والہانہ محبت ، عقیدت و احترام کے کے جذبے کے ساتھ منایا جاتاہے، مساجد ، مدارس میں محافل قرات و نعت، سیرت طیبہ کے حوالے سے ذہنی آزمائش کے مقابلوں کا اہتمام کیا جاتاہے ، علمائے کرام نبی کریمؐ کی تعلیمات پر روشنی ڈالیں گے۔ ربیع الاول کے بابرکت مہینے کی آمد کے ساتھ ہی
پاکستان بھر میں گھروں، کاروباری مراکز، مساجد اور سرکاری عمارتوں پر چراغاں کا اہتمام کیا جاتا ہے گلی محلوں میں رنگ برنگی جھنڈیاں اور گنبد خضرا کی مناسبت سے جھنڈیوں اور جھنڈوں کی ہر سو بہار ہوتی ہے۔سرکاری اور نجی سطح پر تقریبات ہوں گی ،وفاقی دارالحکومت اسلام ااباد میں قومی سیر ت النبی ؐ کانفرنس کا اہتمام جناح کنونشن سنٹر میں کیا جائے گا۔ ملک بھر میں مساجد، کمیونٹی سینٹرز اور نجی گھروں میں محفل میلاد کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔مذہبی سکالرز ،جید علما کرام ومشائخ عظام پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر روشنی ڈالیں گے۔اس کے علاوہ مساجد اور اجتماعات میں پاکستان کی فلاح و بہبود، مسلمانوں کے درمیان یکجہتی اور عالمی امن کے لیے دعائیں مانگی جا رہی ہیں۔پاکستان کے علاوہ دنیا بھر کے مسلمان بھی اس مقدس دن کو منا رہے ہیں۔ سعودی عرب، ترکیہ ، مصر، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا اور دیگر ممالک میں بھی اسی طرح کی تقریبات منعقد کی جار ہی ہیں۔