اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):چین میں انٹرنیشنل فئیر فار ٹریڈ ان سروسز میں پاکستان سے 150 کاروباری ادارے شریک ہیں، باہمی معاہدے متوقع ہیں۔وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان کا بیجنگ نے عالمی سرمایہ کاری کانفرنس سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر سے 107 ممالک سے 2000 سے زائد کمپنیاں تجارتی میلے میں شریک ہیں اور پاکستان کی نمائندگی خوش آئند ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے زراعت، لائیو سٹاک، فوڈ پراسیسنگ اور معدنیات کے شعبوں میں بہت گنجائش موجود ہے،پاکستان میں کوئلے کے دوسرے بڑے اور تانبے کے ساتویں بڑے ذخائر موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے جون کے دورہ چین کے بعد بزنس ٹو بزنس سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ،چین اور پاکستان کے مابین دوستی کی لازوال تاریخ وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے،پاکستانی کمپنیوں کو چین سے "بی ٹو بی” سرگرمیوں میں اضافے کے مواقع فراہم کر رہے ہیں،سی پیک کے تحت پاکستان میں ٹرانسپورٹ، انفراسٹرکچر، انرجی اور مواصلاتی شعبوں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ چین سے پاکستان میں صنعتوں کی منتقلی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شمالی امریکہ اور یورپ کے مقابلے میں پاکستان میں صنعتوں کی منتقلی پر 70 فیصد کم لاگت آئے گی، سرمایہ کاری کے لئے چینی اداروں سے پاکستان میں ہر ممکن عملی تعاون یقینی بنائیں گے،صنعتوں کے فروغ پر بھرپور توجہ، سپیشل اکنامک زونز،ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز اور گوادر فری زونز بہترین مواقع ہیں۔ وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے بیجنگ میں عالمی کانفرنس کے انعقاد پر پاکستانی سفارتخانے کو خراج تحسین کیا اور کہا کہ چائنہ انٹرنیشنل فئیر فار ٹریڈ ان سروسز سے مثبت اور شاندار نتائج کی توقع ہے۔