اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )پاکستان پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی ٹویٹ قابل مذمت ہے، پاکستان نفرت اور تقسیم کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا، کالے جادو نے پاکستان کوساڑھے چار سال تک مفلوج رکھا، ہم اس جادو پر یقین نہیں رکھتے۔ہفتہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر شازیہ مری نے کہاکہ وہ وفاقی حکومت کی توجہ مبذول کرانا چاہتی ہیں کہ کرنسی نوٹ پرموہنجوداڑو کی تصویر کوہٹانے کی اطلاعات ہیں، میری متعلقہ وزیرسے درخواست ہے کہ اس تصویرکونہ ہٹایا جایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ پی پی پی ایوان کاماحول بہتربناکراچھی روایات قائم کرنا چاہتی ہے ، پی پی پی نے اس پارلیمان کیلئے قربانیاں دی ہیں، ہم نہیں چاہتے کہ آئینی اداروں کی بیحرمتی ہو ،ملک کے جمہوری نظام کو سازش کانشانہ بنایاجائے اوراس پرحملہ کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ ایسی جماعت کے لیڈر کے پیروکارہم پرتنقید کررہے ہیں جوخواتین کے کپڑوں کو ریپ کے جواز کے طورپرپیش کرتے رہے، بارہ موسموں، جرمنی اورجاپان کی سرحدیں ملاتے رہے، ہزارہ کمیونٹی جب احتجاج کررہی تھی تو اس لیڈرنے کہاکہ میں بلیک میل نہیں ہوں گا، سرگودھا کے جلسہ میں اس لیڈرنے ایک خاتون کیلئے جو الفاظ استعمال کئے وہ چھچھوراپن تھا۔انہوں نے کہاکہ کالے جادو نے پاکستان کوساڑھے چار سال تک مفلوج رکھا،ہم اس جادوپریقین نہیں رکھتے، اپوزیشن کوتوبہ کرنی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ چئیرمین بلاول بھٹوزرداری نے صرف ایک مطالبہ کیاہے کہ بانی پی ٹی آئی کے ٹویٹ کی وضاحت کی جائے مگران کی بات کاکسی نے جواب نہیں دیا ۔خیبرپختونخوا کے وزیراعلی نے جلسہ میں جوزبان استعمال کی ہے اس کی کسی نے مذمت نہیں کی ہے، ان کو عہدہ کارکردگی پرنہیں بلکہ گالیاں دینے پر دیا گیاہے، بانی پی ٹی آئی کی ٹویٹ قابل مذمت ہے پاکستان نفرت اورتقسیم کامتحمل نہیں ہوسکتا۔