لاہور۔(نمائندہ خصوصی )گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرحادوو نے پنجاب ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں آذربائیجان اور پنجاب کے مابین تدریسی تعاون بڑھانے کا فیصلہ ہوا۔ملاقات کے دوران آذربائیجان اور پنجاب کی یونیورسٹیوں کے وفود کا باقاعدہ تبادلہ ہو گا جبکہ لاہور اور آذربائیجان کے خطہ نخ چیوان کو سسٹر سٹیز قرار دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ برادر اسلامی ممالک آذربائیجان اور پاکستان کے مابین دیرینہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک میں نہ ٹوٹنے والا تعلق ہے جبکہ دونوں ممالک کے عوام باہمی محبت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر مشکل میں دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے جبکہ آ ذربائیجان کے لوگ پاکستانی جھنڈا لہرانے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ دونوں ممالک میں تجارت، کامرس، آئی ٹی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کے کثیر مواقع ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ دونوں برادر ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آذربائیجان اور پاکستان برادر اسلامی ممالک کے مابین تجارتی اور ثقافتی وفود کے تبادلہ مزید اضافہ ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کو تسلیم کرنے والے اولین ممالک میں سے تھا اور عالمی اور خطہ کے مسائل کے حوالے سے دونوں ممالک میں مکمل ہم آہنگی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی سرمایہ کار آذربائیجان میں ریئر سٹیٹ اور کنسٹرکشن سمیٹ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔سفیر آذربائیجان خضر فرحادوو نے کہا کہ دونوں ممالک میں تجارت کا حجم بڑھ کر 100ملین ڈالر ہو چکا ہے اور اس میںمزید اضافہ بھی ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کا اگلے سال فروری میں آذربائیجان کا دورہ متوقع ہے جس سے دنوں ممالک کے مابین معاشی اور سفارتی تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔