اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی سے چلنے والی گاڑیوں سے نہ صرف پٹرول اور ڈیزل کی درآمد کی مد میں قیمتی زر مبادلہ کی بچت ہو گی بلکہ یہ گاڑیاں ماحول دوست بھی ہوں گی ، ملک میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے فروغ کے لئے حکومت ترجیحی اقدامات اٹھا رہی ہے، وزیراعظم نے الیکٹرک وہیکلز کے حوالے سے ایک جامع فنانشل ماڈل پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سےجاری اعلامیہ کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت الیکٹرک وہیکلز (بجلی سے چلنے والی گاڑیوں) کے استعمال کے حوالے سے اجلاس وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔ اس موقع پر اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے فروغ کے لئے حکومت ترجیحی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بجلی سے چلنے والی گاڑیوں سے نہ صرف پٹرول اور ڈیزل کی درآمد کی مد میں قیمتی زر مبادلہ کی بچت ہو گی بلکہ یہ گاڑیاں ماحول دوست بھی ہوں گی۔وزیراعظم نے الیکٹرک وہیکلز کے حوالے سے ایک جامع فنانشل ماڈل پیش کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے اس حوالے سے وفاقی وزارت خزانہ اور سٹیٹ بنک آف پاکستان سے مشاورت کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ای -وہیکلز پالیسی اس سال نومبر تک مکمل کی جائے۔ انہوں نے ملک میں ای-وہیکلز کی تیاری کے حوالے سے لائسنز کے ضابطہ ء کار کو بہتر بنانے ، ای-وہیکلز کی پالیسی کے حوالے سے تمام صوبوں اور وفاقی اکائیوں اور سٹیک ہولڈرز سے ضروری مشاورت کرنے کی بھی ہدایت کی ۔وزیراعظم نے کہا کہ لیپ ٹاپ سکیم کی طرز پر سرکاری سکولوں کے اچھی کارکردگی دکھانے والے طلباء میں ای-موٹر بائیکس تقسیم کی جائیں گی۔ وزیراعظم نے آئندہ تمام وفاقی سرکاری اداروں میں صرف الیکٹرک موٹر بائیکس کی خریداری کی جائے گی تا کہ قومی خزانے کی بچت ہو ۔ وزیراعظم نے اس حوالے سے تمام وفاقی وزارتوں کو ہدایت جاری کرنے کے احکامات دئیے ۔ وزیراعظم نے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو اسلام آباد میں بجلی پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے حوالےسے جامع پلان ترتیب دینے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس کو ملک میں ای-وہیکلز کے استعمال کے فروغ کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ 2022 سے اب تک مقامی سطح پر 2 اور 3 پہیوں پر چلنے والی الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری کے لئے 49 لائسنس جاری کئے جا چکے ہیں جن میں سے 25 کارخانوں میں ان گاڑیوں کو بنانے کا آغاز ہو چکا ہے۔ اِجلاس کو مزید بتایا گیا کہ 4 پہیوں پر چلنے والی الیکٹرک گاڑیوں کی مقامی سطح پر تیاری کے حوالے سے پہلا لائسنس ستمبر 2024 میں جاری کیا گیا ہے، مقامی سطح پر تیار کی گئی پہلی الیکٹرک کار اس سال دسمبر تک مارکیٹ میں آ جائے گی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ملک میں اس وقت 2 اور 3 پہیوں پر چلنے والی الیکٹرک وہیکلز کی تعداد 45 ہزار ہے جبکہ چار پہیوں پر چلنے والی الیکٹرک وہیکلز کی تعداد 2600 ہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے لئے ری- چارج سٹیشنز ترجیحی بنیادوں پر موٹرویز، جی ٹی روڈ (قومی شاہراہ 5), قومی شاہراہ 65 اور 70 پر لگائے جائیں گے۔اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین ، وفاقی وزیر پاور اویس احمد خان لغاری ، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک ، وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔