اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):ایشیائی ترقیاتی بینک نے خیبرپختونخوا میں سڑکوں کی بحالی کے لیے 320 ملین ڈالر کے قرضہ کی منظوری دیدی ہے۔بینک کی جانب سے جمعہ کوجاری کردہ اعلامیہ کے مطابق خیبرپختونخوا کے دیہی علاقوں میں سڑکوں کی ترقی کےمنصوبہ کے تحت سیلاب سے متاثرہونے والی تقریباً 900 کلومیٹر طویل سڑکوں کوبحال کیا جائیگا۔ منصوبہ کے تحت دور دراز کی کمیونٹیز کو تعلیم، صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات اورمنڈیوں سے مربوط کرنے میں مددفراہم ہوگی ۔ وسطی اور مغربی ایشیا کے لیے بینک کے ڈائریکٹر جنرل یوگینی ژوکوف نے بتایا کہ روڈٹرانسپورٹ عوام کے لیے لائف لائن اور پاکستان میں سماجی و اقتصادی ترقی کا ایک اہم جزو ہے۔بنیادی ڈھانچے کے اس اہم منصوبہ سے سفر کا دورانیہ کم ہوگا ، نقل و حمل کے اخراجات میں کمی آئیگی اور خیبر پختونخوا کے لاکھوں باشندوں کے لیے اقتصادی مواقع تک رسائی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ منصوبہ سے مارکیٹس اور خدمات تک بہتر رسائی فراہم ہوگی ، منصوبہ سے مقامی کمیونٹیز کو بااختیار بنانے اور پاکستان کے سب سے کم سہولت والے خطوں میں سے ایک میں جامع اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے میں مددملیگی۔ اعلامیہ کے مطابق صوبے کے کچھ حصوں میں سالانہ بارش اور درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، موسمیاتی لحاظ سے موزوں بنیادی ڈھانچہ کی کمی نے لوگوں اور معاش پر آفات کے اثرات کو بڑھا دیا ہے۔2010 سے آنے والے سیلاب سے سڑکوں کے نیٹ ورک کو کافی حد تک نقصان پہنچا ، رابطوں میں رکاوٹیں آئی اور نقل و حمل کے اخراجات میں اضافہ ہوا۔ منصوبہ سے حکومت کو طویل مدتی اہدافی اقدامات کے حوالہ سے تکنیکی اور مالی مدد فراہم ہوگی ۔بینک کے سینئر ٹرانسپورٹ سپیشلسٹ سیونگھون کم نے بتایا کہ منصوبہ کے تحت صوبہ بھر میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے پر توجہ مرکوز کی جائیگی ، ترجیحی سڑکوں کی نشاندہی ہوگی اور سیلاب کے خطرات ایک جامع مطالعہ کیا جائے گا جس بینک معاونت فراہم کرے گا۔