لاہور۔(نمائندہ خصوصی ):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کے لئے وزیراعظم شہباز شریف کی مخلصانہ کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیاہے،مریم نواز نے آئی ایم ایف کے مثبت ردعمل کو معاشی ترقی کے لئے خوش آئند قرار دیا اور کہاکہ وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم نے معاشی بحران سے نمٹنے کیلئے ناقابل فراموش کردار ادا کیا، پاکستان کی معیشت بلند پرواز کے لئے ٹیک آف پوزیشن میں آ چکی ہے،آئی ایم ایف کا حالیہ پروگرام آخری ثابت ہوگا۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت نواز شریف کی قیادت میں عوام کی معاشی مشکلات کے حل کیلئے کوشاں ہے،معیشت مستحکم ہونے کے بعد ترقی کی جانب گامزن ہونا خوش آئند امر ہے۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن ہی پاکستان کے عوام کی امیدوں کا محور ہے، حکومتی معاشی پالیسی ریٹ میں کمی سے کاروبار اور معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے،سرمایہ کاروں کا اعتماد دن بدن بڑھ رہا ہے،پنجاب میں ضروری اشیاء خورونوش کے نرخ دیگر صوبوں کی نسبت سب سے کم ہیں،مہنگائی میں کمی آنے سے عوام نے سکھ کا سانس لیا۔