لاہور(نمائندہ خصوصی ):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گورنر ہائوس میں منعقدہ تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری کی طرف سے قومی ہیرو اولمپئن چیمپئن ارشد ندیم کو 15کروڑ روپے کا چیک پیش کیا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ ارشد ندیم نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔گورنر پنجاب نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اور زیادہ محنت کریں گے اور پیرس اولمپک کے بعد عالمی ریکارڈ بھی بنائیں گے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی پیپلز پارٹی کا ویژن ہے، ملک میں سیاسی استحکام بہت ضروری ہے تاکہ ملک معاشی طور مضبوط ہو اور ترقی کی منازل طے کرے۔گورنر پنجاب نے بین الاقوامی سطح پر تقریری و مضمون نویسی مقابلے میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر اسماء فاطمہ کو بھی تعریفی سند سے نوازا۔