اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):صدر آصف علی زرداری نے کمپنیوں کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے 9 انشورنس پالیسی ہولڈرزکو ایک کروڑ 52 لاکھ روپے کی ادائیگیوں کی ہدایت دیدی۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق 9 انشورنس کمپنیوں نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف درخواستیں دے رکھی تھیں۔انشورنس کمپنیوں کے ایجنٹس نے 5 افراد کو ماہانہ منافع کے وعدے پر سکیموں میں پیسہ لگانے کی ترغیب دی، رقوم کی واپسی /منافع کے لئے متعلقہ کمپنیوں سے رابطہ پر دعوے مسترد کر دیئے گئے۔ای ایف یو لائف انشورنس نے 4 لائف انشورنس پالیسی ہولڈرزکے ورثاء کے دائر کردہ ڈیتھ کلیمز مسترد کئے ۔متاثرین نے انشورنس محتسب کو شکایات کے ازالے کے لئے الگ الگ درخواستیں دی تھیں۔محتسب نے کیسز کی سماعت کے بعد کمپنیوں کو ایک کروڑ 52 لاکھ روپے کی ادائیگی کا حکم دیا۔ صدر مملکت نے انشورنس کمپنیوں کی درخواستوں کو مسترد اور وفاقی محتسب کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے متاثرین کو فوری ادائیگیاں کرنے کا حکم دیا۔