جنیوا:(مانیٹرنگ ڈیسک )جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس کے دوران عام بحث میں کشمیری وفد نے موثر طورپر حصہ لیا اورعالمی ادارے کے ہائی کمشنر کی رپورٹوں میں مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کو نظر اندازکئے جانے پر تشویش کا اظہار کیا۔وفد میں کنٹرول لائن کے دونوں اطراف کے کشمیری نمائندے شامل تھے ۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق وفد نے مقبوضہ علاقے میں کشمیری عوام کو درپیش شدید مشکلات کو اجاگر کیا اور ماورائے عدالت قتل، دوران حراست تشدد اور کئی دہائیوں سے جاری جبری گرفتاریوں کاسلسلہ ختم کرانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھانے پر زور دیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیرشاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے ورلڈ مسلم کانگریس کی جانب سے اظہا ر خیال کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل، دوران حراست تشدد اورجبری گرفتاریوں کے واقعات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں سیاسی اختلاف رائے اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے ایکٹ، آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ اور پبلک سیفٹی ایکٹ جیسے کالے قوانین کا بے دریغ استعمال کیاجارہاہے۔یونائیٹڈ ویلجز کی نمائندگی کرتے ہوئے راجہ سجاد لطیف نے مقبوضہ علاقے میں کشمیری سیاسی رہنمائوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور صحافیوں کی حالت زار کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ آج بھی بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی جیلوں میں سیاسی رہنمائوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور صحافیوں سمیت5ہزار سے زائد بے گناہ کشمیری قید ہیں ۔انہوںنے کہاکہ مودی حکومت جیلوں میں قید کرنے کے علاوہ سیاسی رہنمائوں اور کارکنوں کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانے کیلئے انکی جائیدادیں بھی ضبط کر رہی ہے۔انٹرنیشنل مسلم ویمن یونین کی طرف سے شمیم شال نے مقبوضہ کشمیرمیںا نسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کی رپورٹوںمیں نظر انداز کئے جانے کی مذمت کی ۔ انہوں نے کہاکہ حال ہی میں ہائی کمشنر کے دفتر کی طرف سے دو رپورٹیں اور خصوصی نمائندوں کے کم از کم دو درجن سے زائد رابطے کئے گئے ہیں تاہم ان میں مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ، ماورائے عدالت قتل ، انٹرنیٹ کی بندش، انسانی حقوق کے علمبرداروں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کونظرانداز کیاگیاہے۔انٹرنیشنل ایکشن فار پیس اینڈ سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ کے صدر سردار امجد یوسف نے اس موقع پر انسانی حقوق کے معروف کارکنوں خرم پرویز اور عرفان معراج کی غیر قانونی نظربندی کی مذمت کی ۔کشمیری وفد نے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقو ق کی پامالیوں کا جائزہ لینے کیلئے ایک کمیشن مقبوضہ علاقے بھیجنے کا مطالبہ کیا۔KMS-Y