لاہور(نمائندہ خصوصی ) سندھ میں شدید بارشوں کے باعث حیدرآباد سے کراچی کے درمیان ریلوے ٹریک خراب ہوگیا جس سے دیگر شہروں سے کراچی آنے والی ٹرینیں تاخیر کا شکار ہیں۔ریلوے انتظامیہ کے مطابق طوفانی بارشوں کی وجہ سے خراب ہونے والے اپ ٹریک کو بحال کر دیا گیا ہے جبکہ ڈان ٹریک دو گھنٹے میں آپریشن کے لیے ریڈی ہو جائے گا۔ بارشوں کی وجہ سے مختلف سیکشنوں پر متاثر ہونے والے ٹریک کی مرمت کا کام بھی مکمل کرلیا گیا۔موسم کی خرابی کی وجہ سے تاخیر کا شکار ٹرینوں کے مسافروں کو ریلوے کی طرف سے کھانا فراہم کیا گیا۔
چیئرمین ریلوے کی درخواست پر چیف سیکریٹری سندھ نے انتظامیہ اور پولیس کو پاکستان ریلوے کے ساتھ تعاون کی ہدایات جاری کیں۔ کمشنرز اور ڈی پی اوز نے پاکستان ریلوے سے بھرپور تعاون کیا۔چیئرمین ریلوے، وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کو لمحہ بہ لمحہ صورت حال سے آگاہ کر رہے ہیں۔ آئی جی پولیس کو بھی مسافروں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔دوسری جانب، ملک بھر میں حالیہ بارشوں کی وجہ سے ریلوے ٹرین آپریشن دھرم بھرم ہوگیا، ملک بھر میں جاری حالیہ بارشوں کی وجہ سے ٹرینیں 10 سے 11گھنٹوں کی تاخیر کا شکار ہوگئیں۔