لاہور۔(بیورو رپورٹ):وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل کے قیدی کی سوچ صوبوں کو آپس میں لڑانا ہے،وزیر اعلیٰ مریم نواز صوبے کے 11 کروڑ عوام کی خدمت کر رہی ہیں، پی ٹی آ ئی والے سیاسی شہید بننے کیلئے سیاسی خودکشیاں کر رہے ہیں۔ جمعرات کو جاری ایک بیان میں عظمٰی بخاری نے کہاکہ وزیر اعلی مریم نواز پنجاب کے 11 کروڑ عوام کی خدمت کر رہی ہیں، پاکستان میں گزشتہ 6 سالوں میں ترقی کی راہ میں جو بھی رخنے ڈالے گئے وہ ایک ہی جماعت پی ٹی آئی کا کام ہے ۔جس صوبے میں پی ٹی آئی کی 11 سال سے حکومت ہے وہاں بے روزگاری، غربت اور مہنگائی عروج پر ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایک صوبے کا وزیراعلی دوسرے صوبے پر چڑھائی کی باتیں کر کے بغاوت کو ہوا دے رہا ہے، پہلی ناکام بغاوت کے ثمرات ابھی تک ملک اور ان کی جماعت بھگت ر ہی ہے۔عظمٰی بخاری نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کو چار کروڑ عوام کی فکر نہیں، صوبائی اسمبلی میں وزیراعلی کیخلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں ۔یہ لوگ سیاسی شہید بننے کے لیے سیاسی خودکشیاں کر رہے ہیں۔