اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):پاکستان نے غزہ کے علاقے خان یونس میں مخصوص محفوظ زون المواسی پر اسرائیلی قابض افواج کے فضائی حملوں کی شدید مذمت کی ہے جس میں 40 شہری شہید ہوگئے ہیں، اسرائیلی قابض افواج کی طرف بے گھر افراد کے لئے خود اس جگہ کو محفوظ زون قرار دے کر اس پر حملہ کرنا بین الاقوامی انسانی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ خان یونس میں قتل عام انسانی زندگی کی بے توقیری اور فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کے نسل کشی کے عزائم کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مخصوص محفوظ زون میں پناہ لینے والے افراد کو نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزی کو ظاہرکرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ شہری آبادیوں اور انسانی ہمدردی کے علاقوں کے تحفظ کی ضرورت ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسرائیلی قابض افواج کو فلسطینی عوام کے خلاف نسل کشی کی مہم جاری رکھنے سے روکنے میں اپنا کردار ادا کرے اور اسرائیل کو اس کے جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کا جوابدہ ٹھہرایا جائے۔