لکسمبرگ (نمائندہ خصوصی )۔:پاکستان فورم لکسمبرگ (پی ایف ایل)نے پاکستان کی متنوع اور شاندار روایات کو متعارف کرنے کے لئے 21 ستمبر کو لکسمبر گ میں پاکستان کا پہلا ثقافتی دن منانے کا اعلان کیا ہے،ریو کلچرشپ ایہلرنج سنیم کے مقام پر دوپہر 12 بجے سے شام سات بجے تک منعقد ہونے والی اس رنگارنگ تقریب میں پاکستانی کھانوں کے سٹالز، آرٹس اینڈ کرافٹس، کارنیول گیمز، لائیو میوزک اور خیراتی سرگرمیاں شامل ہیں۔جمعرات کو جاری پریس ریلیز کے مطابق عوام کے لئے داخلہ مفت ہوگا اور شرکاء کو مختلف قسم کے روایتی پاکستانی پکوان پیش کئے جائیں گے ، وزیٹرز اس موقع پر پاکستان کے متنوع کھانوں کے حقیقی اور مستند ذائقوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ تقریب میں فنون اور دستکاری مصنوعات کی نمائش کی جائے گی میں جس میں ٹیکسٹائل، ظروف اور زیورات بھی خریداری کے لئے دستیاب ہوں گے۔ فیملیز اور بچے بھی خوشگوار ماحول میں کارنیول طرز کے کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
ثقافتی دن میں خیراتی سرگرمیوں کے لئے سٹال بھی لگائے جائیں گے جہاں مختلف مقامی اور بین الاقوامی کاموں میں مدد کے لئے عطیات دیے جا سکتے ہیں۔ یوم ثقافت کے موقع پر روایتی اور جدید پاکستانی موسیقی کی لائیو پرفارمنس پیش کی جائے گی ۔ پاکستان فورم لکسمبرگ کے نمائندے سعد صدیقی نے بتایاکہ ہمیں لکسمبرگ میں پہلا پاکستان کلچرل ڈے منانے پر فخر ہے ۔انہوں نےکہاکہ یہ تقریب لکسمبرگ کی کمیونٹی کے لئے کھانے، فنون اور موسیقی کے ذریعے پاکستان کی بھرپور ثقافت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ اہم فلاحی کاموں کی حوصلہ افزائی کا ایک دلچسپ اور منفرد موقع ہو گا ۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان فورم لکسمبرگ ایک رجسٹرڈ غیر منافع بخش ایسوسی ایشن ہے جو وہاں پاکستانی ثقافت اور بین الثقافتی مکالمے کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے۔