اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ رومینہ خورشید عالم نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے کلائمیٹ گورننس کو بہتر بنانا ہو گا، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے باعث پاکستان کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اﷲ تارڑ اور ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ کے وفد کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ وزیراعظم نے موسمیاتی تبدیلی کے مسئلہ سے نمٹنے پر خاص توجہ مرکوز کر رکھی ہے، کاپ۔27 میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کو بڑی کامیابی ملی، موسمیاتی تبدیلی کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے دنیا کو آگاہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک میں 5 ویں نمبر پر ہے جبکہ گرین ہائوس گیسز کے اخراج میں اس کا حصہ انتہائی معمولی ہے، گذشتہ کئی سالوں کے دوران قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہمیں شدید نقصان پہنچا ہے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ گلوبل کلائمیٹ فنانس کے سٹرکچر کو دیکھنا ہے،100 بلین ڈالر کا کاپ۔15 میں ترقی پذیر ممالک کے لئے وعدہ کیا گیا تھا،710 ملین ڈالر کی مختلف گرانٹس اور منصوبے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کاپ۔29 کانفرنس میں ہم قائدانہ کردار ادا کرنے کی کوشش کریں گے، پاکستان کلائمیٹ ڈپلومیسی میں بہت آگے ہے، پاکستان نے اسلام آباد ڈیکلریشن جاری کیا، وزیراعظم کاپ کانفرنس میں جینڈر ایکویلٹی منصوبہ لانچ کریں گے، جلد کلائمیٹ کے موضوع کو سکولوں کے نصاب میں شامل کیا جائے گا۔ اس موقع پر ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ کے نمائندہ نے کہا کہ پاکستان میں گرین انفراسٹرکچر کی تعمیر کیلئے معاونت کریں گے۔