اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او)کے سیکرٹری جنرل پہلی مرتبہ یہاں آئے ہیں، یہ ہمارے لئے ایک موقع ہے کہ ہم باہمی تبادلہ خیال کریں اور آئی ایم او کے تجربات سے استفادہ کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ رومینہ خورشید عالم اور آئی ایم او کے سیکرٹری جنرل کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں یہ ایک اہم لمحہ ہے کہ انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے سیکرٹری جنرل پہلی مرتبہ یہاں آئے ہیں، یہ ہمارے لئے ایک عظیم موقع ہے کہ ہم باہمی تبادلہ خیال کریں اور آئی ایم او کے تجربات سے استفادہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں میری ٹائم سکیورٹی، پورٹ اینڈ شپنگ سے متعلق مسائل اور ان کے حل پر گفتگو کی جائے گی۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ ہم حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے سیکرٹری جنرل کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں، ہمیں یقین ہے کہ ہم مل کر موجود مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے اور پاکستان اور خطے کی بہتری کے لئے اہم اقدامات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی اور معاشی پہلو بھی ہمارے لئے اہم ہیں اور ہم ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھ کر نئے مواقع تلاش کرنے کے منتظر ہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل آئی ایم او نے کہا کہ اس موقع کی فراہمی اور پرتپاک استقبال پر آپ کا بہت شکریہ ادا کرتے ہیِں ،میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ مجھے اتنی جلدی پاکستان آنے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مل کر جو چیلنجز اور مواقع زیر بحث لائے ہیں ان کا جائزہ لے کر پاکستان اور آئی ایم او کے درمیان بحری جہاز رانی کے مختلف شعبوں میں بہتر کام کرنے کے طریقے تلاش کریں گے،پاکستان میں موجود کاروباری مواقع اور شعبے کی تزئین و آرائش کے لئے اقدامات پر غور کر کے، ہم بحری ماحول کی حفاظت اور عالمی سطح پر تجارت کی بہتری کے لئے مل کر کام کریں گے، اس طرح ہم ایک ایسا ماحول تخلیق کر سکتے ہیں جو نہ صرف بحری جہازوں کے مسافروں بلکہ شپنگ برادری اور تجارت کے دیگر اہم کرداروں کے لئے بھی بہتر ہو۔