اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی پارلیمنٹ میں دی گئی تجویز "چارٹر آف پارلیمنٹ” کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے جمہوریت اور پارلیمنٹ مزید مضبوط ہوں گے، پاکستان پیپلز پارٹی نے ملکی معیشت کے استحکام کیلئے حکومت کا ہر اقدام میں ساتھ دیا۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔وفد میں سید نوید قمر اور مئیر کراچی مرتضی وہاب شامل تھے۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور اٹارنی جنرل بھی شریک تھے
ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی ۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کی اہم اتحادی جماعت ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے ملکی معیشت کے استحکام کیلئے حکومت کا ہر اقدام میں ساتھ دیا۔وزیراعظم نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی پارلیمنٹ میں دی گئی تجویز "چارٹر آف پارلیمنٹ” کو سراہا اور اس بات کا اظہار کیا کہ اس سے جمہوریت اور پارلیمنٹ مزید مضبوط ہوں گے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے ملکی معیشت کے استحکام کیلئے حکومتی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے حکومتی پالیسیوں و اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا جس کا وزیراعظم نے خیرمقدم کیا۔