سرینگر:(مانیٹرنگ ڈیسک )غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کشمیر ٹریڈ الائنس نے قابض حکام کی طرف سے جاری کردہ حالیہ ہدایت نامے کو مستردکیاہے جس کے تحت بازاروں کی ہفتہ وارگردشی بندش کے لئے کہاگیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محکمہ لیبرکی طرف سے جاری کردہ اس ہدایت نامے سے علاقے کی تاجر برادری میں تشویش پیداہوئی ہے۔کے ٹی اے کے ایک وفد نے صدر اعجاز شاہدار کی قیادت میں ڈپٹی لیبر کمشنر عدیل سلیم سے اس مسئلے پر بات چیت کی۔ وفد نے کہا کہ روٹیشن کے حساب سے بازاروں کی بندش سے صارفین اور تاجروں میں الجھن پیدا ہو گی جس سے بازاروں کے کام کاج میں خلل پڑے گا۔اعجازشاہدار نے کہا کہ تاجر برادری پہلے ہی مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بازاروں کو اتوار کو ایک ہی دن بند ہونا چاہیے جو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تعطیل ہے۔ڈپٹی لیبر کمشنر عدیل سلیم نے کہا کہ موجودہ ضوابط کے مطابق بازار جمعہ یا اتوار کو ہفتہ وار بند رکھے جاسکتے ہیں۔کے ٹی اے کے وفد نے علاقے میں تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کو نقصان پہنچنے کے خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے گردشی بندش کی ہدایت کو مسترد کیا۔ اجلاس بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا۔