ویلنگٹن۔(اسپورٹس ڈیسک ):نیوزی لینڈ کرکٹ(این زیڈسی) کی سلیکشن کمیٹی نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں آئندہ ماہ شیڈول نویں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے لئے نیوزی لینڈ ویمنز کا 15رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ سلیکٹرز کے مطابق سوفی ڈیوائن ٹیم کی قیادت کریں گی ،فاسٹ بائولر روزمیری مائر اور آف سپنر لی کاسپریک کو شامل کیا گیا ہے۔ٹیم کپتان سوفی ڈیوائن میگا ایونٹ کے بعد ٹی ٹونٹی فارمیٹ کی کپتانی سے دستبردار ہو جائیں گی۔ہیڈ کوچ بین ساویر نے کہا ہے کہ میںنویں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے لئے اعلان کردہ سکواڈ سے واقعی بہت خوش ہوں، میگا ایونٹ کے لئے بہترین 15 رکنی سکواڈ کو منتخب کیا گیا ہے ۔کوچ بین ساویر میگا ایونٹ کے لئے اعلان کردہ سکواڈ سے عمدہ کارکردگی کے لئے پر امید ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ ٹیم میں ایسی کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔نویں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے لئے نیوزی لینڈ کے اعلان کردہ سکواڈ میں سوفی ڈیوائن (کپتان )، سوزی بیٹس، ایڈن کارسن، ایزی گیز (وکٹ کیپر)میڈی گرین ، بروک ہالیڈے، فران جوناس، لی کاسپریک، جیس کیر، میلی کیر، روزمیری مائر، مولی پین فولڈ، جارجیا پلمر، ہننا روے اور لیا تہہو شامل ہیں۔ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل نیوزی لینڈ کی یہی ویمنز ٹیم 19 اور 24 ستمبر کے درمیان آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز میں بھی شرکت کرے گی۔نیوزی لینڈ ویمنز ٹیم کو ورلڈ کپ کے گروپ اے میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، بھارت، پاکستان اور سری لنکا کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔ وہ اپنے دو وارم اپ میچ جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی اور 4 اکتوبر کو بھارت کے خلاف ورلڈ کپ مہم کا آغاز کرے گی ۔