اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):صدر مملکت آصف علی زرداری نے معاشرے کے محروم اور پسماندہ طبقے کو مفت طبی اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے والے عبدالقدیر خان ہسپتال ٹرسٹ کو اپنے تعاون کا یقین دلاتے ہوئے ضرورت مند لوگوں کو قابل رسائی صحت کی سہولیات پر ٹرسٹ کی خدمات کو سراہا ہے۔ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت
نے ان خیالات کا اظہار عبدالقدیر خان ہسپتال ٹرسٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹر دینا خان کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے منگل کو ان سے یہاں ایوان صدر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری بھی موجود تھیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی قوم کے لیے خدمات پر پوری قوم ان کی مقروض ہے۔ ڈاکٹر دینا خان نے صدر مملکت کو عوام کو طبی خدمات کی فراہمی میں ہسپتال کی کارکردگی بارے آگاہ کیا۔ وفد نے صدر مملکت کو ٹرسٹ کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔وفد نے کہا کہ سابق ٹرسٹیز نے مالی غبن کیا اور ٹرسٹ کے اکائونٹس کا غلط استعمال کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے وفد کو ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ صدر مملکت نے ڈاکٹر عبد القدیر خان ہسپتال ٹرسٹ کی خدمات اور لوگوں کی جانب سے عطیات کو سراہا۔