لاہور( نمائندہ خصوصی )شالیمار ایکسپریس کو حادثے سے بچانے والے گیٹ کیپر کے لیے ریلوے کی طرف سے 50 ہزار روپے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ جمعے کو نواب شاہ کے تالپور پھاٹک پر ریتی سے بھرا ٹرک ٹریک پر الٹ گیا تھا، ٹریک پر کراچی سے لاہور جانے والی شالیمار ایکسپریس کو روکنے کے لیے مدد علی نے جان کی پرواہ کیے بغیر سرخ جھنڈی لے کر ٹرین کی طرف دوڑ لگا دی تھی۔مدد علی 5 منٹ تک ٹریک پر دوڑتا رہا تاکہ ڈرائیور ٹرین کی رفتار کو کم کردے لوگ اسے روکتے رہے لیکن وہ دوڑتا رہا۔ہٹ جاؤ روکو ٹرین روکو یہ وہ الفاظ تھے جو نواب شاہ میں ریلوےکا گیٹ کیپر مدد علی ٹریک پر چلا چلا کرکہہ رہا تھا مدد علی کو بھاگتا دیکھ کر ڈرائیور نے ٹرین کی رفتار کم کردی تھی اور ٹرین بڑے حادثے سے بچ گئی تھی۔مدد علی نے بتایا کہ جس کام سے اس کی روزی روٹی چلتی ہے بچوں کا پیٹ پلتا ہے اس کام کو فرض سمجھ کر نبھانا تھا، جان دے کر بھی ٹرین میں سوار قیمتی جانوں کو بچانا تھا