اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ 1991ءکے پانی کی تقسیم کے معاہدے پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے ہماری جماعت نے اہم کردار ادا کیا، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ مسائل کو معاملہ فہمی سے حل کیا جائے، ارسا کے حوالے سے اراکین اسمبلی کے تحفظات دور ہونے چاہئیںپیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں ارسا کی طرف سے پانی کی ڈائیورژن کے فیصلے کے حوالے سے نوید قمر، نواب یوسف تالپور، شبیر علی بجارانی، میر غلام علی تالپور اور دیگر کے نکتہ ہائے اعتراضات پر جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 1991ءکے پانی کی تقسیم کے معاہدے پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے ہماری پارٹی نے اہم کردار ادا کیا، نواز شریف کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ مسائل کو معاملہ فہمی سے حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ارسا کے حوالے سے اراکین اسمبلی کے تحفظات ہیں، ارکان اسمبلی ہاریوں اور کسانوں کی آواز ایوان میں اٹھاتے ہیں، زراعت سے ہماری معیشت منسلک ہے، یہ معاملہ متعلقہ کمیٹی کو بھیجا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ارسا کے ممبران اور صوبائی نمائندوں کو خصوصی طور پر مدعو کیا جائے تاکہ تفصیلی بریفنگ ہو سکے اور اس مسئلے کا مناسب حل تلاش کیا جا سکےڈپٹی سپیکر غلام مصطفیٰ شاہ نے یہ معاملہ قائمہ کمیٹی کو بھجواتے ہوئے کہا کہ جن اراکین اسمبلی نے یہ معاملہ اٹھایا ہے انہیں بھی کمیٹی کا رکن بنایا جائے گا۔ ارسا کے ممبران کو بھی مدعو کیا جائے گا جبکہ جو اراکین اس معاملہ میں دلچسپی رکھتے ہیں، ان کے نام دیئے جائیں تاکہ انہیں بھی کمیٹی میں شامل کیا جائے۔ رکن قومی اسمبلی محمد احمد چٹھہ کے توجہ دلائو نوٹس پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ضلع وزیر آباد میں پاسپورٹ آفس بننا چاہئے، اس حوالے سے جو بھی ممکن ہوا اقدامات اٹھائے جائیں گے۔