اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):صدر مملکت آصف علی زرداری نے پارلیمانی جمہوریت مزید مضبوط کرنے اور سیاسی استحکام کوفروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو سیاسی، اقتصادی اور سکیورٹی چیلنجز سے نکالنے کیلئے سیاسی اتحاد کی ضرورت ہے۔صدر ِمملکت نے رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دینے اور جمہوری ادارے مضبوط بنانے پر بھی زور دیا۔ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے ایوانِ صدر میں مختلف سیاسی جماعتوں کے ارکان ِپارلیمنٹ کے اعزاز میں عشائیہ کے دوران کیا۔
چیئرمین سینیٹ ، گورنر پنجاب ، گورنر خیبرپختونخوا اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے بھی عشائیہ میں شرکت کی۔ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت کے عشائیہ میں اے این پی کے صدر و سینیٹر ایمل ولی خان ، وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین ، سابق نگران وزیراعظم و سینیٹر انوار الحق کاکڑ، صدر استحکام پاکستان پارٹی عبد العلیم خان سمیت ملکی اعلیٰ سیاسی قیادت نے شرکت کی۔–صدر مملکت نے کہا کہ خدمات کی فراہمی بہتر بنانے ، معاشی خوشحالی کیلئے سیاسی، معاشی اور گورننس اصلاحات ناگزی ہیں،عوامی فلاح کیلئے گروہی مفادات سے بالاتر ہو کر پرعزم طریقے سے کام کرنا ہوگا، ملک کو نقصان پہنچانے والی محاذ آرائی کی سیاست کے خلاف ہوں ۔اس موقع پر سیاسی جماعتوں کے ارکان ِپارلیمنٹ نے استحکام ، عوامی ریلیف کیلئے مختلف تجاویز دیں۔اراکین نے قومی مسائل پر اتفاق رائے پیدا کرنے میں صدر مملکت کی سیاسی دانشمندی اور وژن کو بھی سراہا۔