اُجین (مانیٹرنگ ڈیسک ) بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے شہر اُجین کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں ایک شخص کو سڑک کے کنارے مبینہ طور پر ایک خاتون کا جنسی استحصال کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔واقعے کی سب سے تشویشناک بات یہ تھی کہ دن دیہاڑے سڑک کے کنارے ہونے والے اس واقعے کے دوران لوگ زیادتی کرنے والے کو روکنے کے بجائے اس کی ویڈیو بناتے رہے، پولیس کے مطابق ملزم اور وڈیو بنانے والے کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔شرمناک واقعے نے دنیا کی سب سے بڑی جہوریت میں انسانی اور خصوصاً خواتین کے حقوق کی پامالی اور معاشرتی رویے کی زبوں حالی پر سنگین سوال اٹھا دیے ہیں۔اپوزیشن جماعت کانگریس نے حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مدھیہ پردیش خواتین کے ریپ، اغوا اور ان پر ظلم میں نمبر ون ہے۔ خیال رہے کہ اُجین میں پچھلے سال ستمبر میں بھی جنسی استحصال کا شکار 15 سالہ زخمی لڑکی کی نیم برہنہ ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ گھر گھر گھوم کر لوگوں سے مدد مانگ رہی تھی۔