جموں:(نمائندہ خصوصی ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے رہنما رتن لال گپتا نے عوام کی امنگوں پر پورا نہ اترنے اور ان کو دھوکہ دینے پر بی جے پی پر کڑی تنقید کی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق رتن لال گپتا نے جموں میں ایک پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں 10سال حکومت کرنے کے باوجود بی جے پی نے دفعہ370کی منسوخی اورلوگوں کے حقوق سلب کرنے کے سوا جموں و کشمیر کے لیے کچھ بھی نہیں کیا ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کشمیری عوام کی امیدوں پر پورا اترنے میں بری طرح ناکام ہوئی ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہارکیا کہ اپنے وعدوں کو پورا کرنے کے بجائے بی جے پی نے جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت چھین لی جو اسے بھارتی آئین کے تحت حاصل تھی۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 370کی منسوخی، جموں و کشمیر کومرکز کے زیر انتظام دو حصوں میں تقسیم کرنا اور اس کی ریاستی حیثیت کو ختم کرناعلاقے کے لوگوں کے وقار اور شناخت پر براہ راست حملہ ہے۔جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے لیے حال ہی میں جاری کیے گئے بی جے پی کے منشور کا حوالہ دیتے ہوئے رتن لال گپتا نے کہا کہ بھگوا پارٹی ایک بار پھر عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ منشور میں جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے کوئی نئی چیز نہیں ہے۔رتن لال گپتا نے جموں و کشمیر کے لوگوں کے مفادات کے تحفظ اور خطے کی خصوصی حیثیت کی بحالی کے لیے نیشنل کانفرنس کے عزم کا اعادہ کیا۔