پیرس(نمائندہ خصوصی ):پاکستانی سفارت خانہ پیرس نے مایہ ناز ایتھلیٹ حیدر علی کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا ،جنہوں نے اپنی جیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پیرالمپکس 2024 میں ڈسکس تھرو میں کانسی کا تمغہ جیتا ہے۔
اس موقع پر پیرس اولمپکس 2024 میں جیولین تھرو میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے ارشد ندیم بھی موجود تھے جنہوں مل کر اپنی کامیابی کا جشن منایا ۔یہ دن ایک ناقابل فراموش دن کے طور پر سفارت خانے کی تاریخ کی میں یاد رکھا جائے گا جب عزم اور محنت کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے والے لیجنڈ موجود تھے ۔سفارتخانہ کی ایکس پر پوسٹ کے مطابق پاکستانی تارکین وطن حیدر علی کو اپنے درمیان دیکھ کر بہت خوش ہوئے جنہوں نے چار مختلف پیرا اولمپکس میں 4 تمغے( 1 گولڈ، 1 سلور اور 2 برانز)جیتے ہیں۔انہوں نے حیدر علی کے ساتھ تصاویر بھی بنائیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نے حیدر علی کی پیرالمپکس میں کامیابی کو سراہا اور کہا کہ حیدر علی کا میڈل حاصل کرنا بہت بڑی کامیابی اور پوری قوم کے لئے خوشی کی خبر ہے ۔ سفیر عاصم افتخار نے مستقبل میں حیدر علی کی مذید کامیابیوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔حیدر علی نے پیرالمپکس سمیت عالمی مقابلوں میں اپنی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئےکہا کہ اس سفر میں انہیں فیملی کی جانب سے بھرپور حوصلہ افزائی اور معاونت ملی ۔ انہوں نے پاکستانی سفیر عاصم افتخار احمد کے بے مثال تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ارشد ندیم نے حیدر علی کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔