اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):انٹیلیجنس ایجنسیوں کی نشاندہی پر انسانی سمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گروہ پکڑا گیا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر ایف آئی اے لاہور سرکل کی انٹیلیجنس ایجنسی کی معلومات پر کامیاب کارروائی کی گئی اور انسانی سمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی نیٹ ورک رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ یہ نیٹ ورک سادہ لوح عوام کو بیرون ملک روزگار کے جھانسے دے کر لوٹنے میں ملوث تھااور سادہ لوح عوام سے کروڑوں روپے ہتھیا لیے تھے۔یہ گروہ جعلی دستاویزات کی تیاری میں مہارت رکھتا تھا اورانسانی سمگلنگ کے گروہ کا اپنا پرنٹنگ پریس تھا، پرنٹنگ پریس میں کئی ممالک کی جعلی دستاویزات تیار کی جاتی تھیں۔ مختلف ممالک میں سیاسی پناہ لینے والے افراد بھی اس گروہ سے معاونت لیتے رہے، دوران تفتیش نیٹ ورک کا انٹرنیشنل ڈنکی گروہوں سے بھی رابطے کا انکشاف ہوا۔ اس مجرمانہ سرگرمیوں میں بھارتی اور افغانی باشندے ملوث تھے۔ دورانِ تفتیش پاکستان کو بدنام کرنے کی بھارتی سازش بھی بےنقاب ہوئی۔ جعلساز نیٹ ورکس کے خلاف کریک ڈائون پاکستانی اداروں پر بین الاقوامی اعتماد کو تقویت دینے کا باعث ہے۔ تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا ہے اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔ بعد از تفتیش ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔ گرفتاریوں کے بعد کئی پاکستانی اپنا سرمایہ اور عزت کھونے سے بچ گئے۔اس بڑے نیٹ ورک کا قانون کی گرفت میں آنا انسانی سمگلنگ کے خلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اہم فتح ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے انسانی سمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گروہ کو قانون کی گرفت میں لانے پر انٹیلیجنس ایجنسی اور ایف آئی اے لاہور کو شاباش دی ہے اور کہا ہے کہ یہ کامیاب آپریشن انسانی سمگلنگ کے خلاف پاکستان کی کارروائیوں میں ایک اہم سنگ میل ہے۔انٹیلیجنس ایجنسی کی معلومات پر ایف آئی اے لاہور نے کامیاب آپریشن کیا جس پر مبارکباد دیتا ہوں، انسانی سمگلنگ روکنے کے اس طرز پر مزید آپریشن جاری رکھیں جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ انسانی سمگلنگ کے خاتمے کیلئے آخری حد تک جائیں گے اورانسانی سمگلنگ میں ملوث مافیا سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔