اسلام آباد(بیورو رپورٹ):وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عوام نے پی ٹی آئی کا جلسہ مسترد کر دیا ہے، جن لاکھوں لوگوں نے آج انقلاب برپا کرنا تھا پتہ نہیں وہ کہاں چلے گئے ہیں؟، اسلام آباد سمیت پنجاب میں ٹریفک معمول کے مطابق رہی، پی ٹی آئی نے جلسے کی ناکامی چھپانے کے لئے جعلی ویڈیوز کا سہارا لیا، ناکام جلسے پر اتنا ہی کہا جا سکتا ہے کہ تبدیلی کا جذبہ، تبدیلی کا جنون، انا للہ و انا الیہ راجعون۔اتوار کو پی ٹی آئی کے جلسہ کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انہوں نے خود اسلام آباد کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، اسلام آباد میں ٹریفک معمول کے مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ لاکھوں لوگ جنہوں نے آج انقلاب برپا کرنا تھا پتہ نہیں وہ کہاں چلے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور اسلام آباد میں ٹریفک معمول کے مطابق ہے، معمولات زندگی نارمل ہیں، وہ لاکھوں لوگ جنہوں نے سمندر کی شکل میں نکلنا تھا وہ کہیں نظر نہیں آ رہے۔انہوں نے کہا کہ جلسہ کرنا جمہوری حق ہے، انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو جو وقت دیا ہے اس کے مطابق جلسہ ہونا چاہئے۔ انہو ن کہا کہ جلسہ کی ناکامی چھپانے کے لئے پی ٹی آئی جھوٹ کا سہارا لے رہی ہے، سوشل میڈیا پر جعلی فوٹیجز جاری کر کے پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت، کارکنان اور پی ٹی آئی سے ذہنی ہم آہنگی رکھنے والے ایسی جعلی ویڈیوز پھیلا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ احتساب ہو کر رہے گا، اگر یہ تاثر قائم کرنا چاہتے ہیں کہ جلسہ کر کے این آر او لیا جائے گا تو یہ ہر گز نہیں ہوگا، آپ کو توشہ خانہ کا بھی جواب دینا ہوگا، آپ کو 190 ملین پائونڈ کی میگا کرپشن کا بھی جواب دینا ہوگا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ پی ٹی آئی کی سیاسی طور پر بہت بڑی ناکامی ہے، یہ تاثر دیا جا رہا تھا کہ لاکھوں لوگ لا رہے ہیں اور باہر نکلنے کی باری آئی تو مکمل ناکام ہوگئے، پی ٹی آئی کی پنجاب اور خیبر پختونخوا کی قیادت دونوں ناکام ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ناکام جلسے پر اتنا ہی کہہ سکتا ہوں کہ تبدیلی کا جذبہ، تبدیلی کا جنون، انا للہ و انا الیہ راجعون۔