لاہور۔(نمائندہ خصوصی ):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گورنر ہائوس لاہور میں میلاد النبی کے سلسلے میں روح پرور محفل میلاد مصطفی کا اہتمام کیا ۔محفل میلاد میں معروف نعت خواں شہباز قمر فریدی ، احمد علی حاکم اور دیگر نے نذرانہ عقیدت پیش کیا جبکہ مقررین نے رسول پاک کی حیات مبارکہ اور ان کی انسانیت کے فلاح اور رہنمائی کے لئے دی گئی تعلیمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ 12ربیع الاول کا دن تاریخ بنی نوع انسان کی عظمت کی معراج کا دن ہے جس روز خالق کائنات نے حسن کائنات کو وجہ کائنات بنا کر بھیجا۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ کی حیات پاک ہمارے لئے بہترین نمونہ ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ اس مالک کاکرم ہے جس نے مجھ اس ناچیز کومحفل میلاد کے انعقاد کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ 2007 سے اپنے حلقے میں محفل میلاد کا اہتمام کر رہے ہیں اور گورنر ہائوس میں محفل میلاد کا انعقاد کرنا میرا فرض ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ انشا اللہ آئندہ بھی اسی طرح کی میلاد کی محفلیں سجاتا رہوں گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ جن جن کی رسول پاک سے نسبت ہے میں ان کا غلام ہوں۔انہوں نے کہا کہ عشق رسول والے جتنے لوگ اس ملک میں ہیں کہیں اور نہیں، اسی وجہ سے یہ ملک قائم ودائم ہے اورانشا اللہ آئندہ بھی رہے گا۔انہوں نے مزیدکہا کہ گورنر ہائوس کے سارے عملہ نے بڑی محنت سے یہ محفل میلاد سجائی ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے ، تمام مسلمان توحید اور عشق مصطفی کو دین کی بنیاد اور ختم نبوت کو نجات کی راہ اور ایمان سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محمدکے اسوہ حسنہ کی پیروی ہمارے لئے راہ نجات اوررہنمائی کا ذریعہ ہے۔محفل میلاد مصطفی کے اختتام پر 13 خوش قسمت افراد میں عمرہ کے ٹکٹ بذریعہ قرعہ اندازی تقسیم کئے گئے ۔شرکا کیلئے لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ محفل میلاد مصطفی میں دعوت عام تھی جس میں ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھر پور تعداد میں شرکت کی۔اس پر نور محفل میلاد مصطفی کی شان کو دوبالا کرنے کے لئے گورنر ہائوس کی عمارت کو برقی قمقموں سے سجایاگیا۔اس موقع پر وطن عزیز کی ترقی و سلامتی اور امت مسلمہ کو درپیش مسائل سے نجات حاصل کرنے کے لئے خصوصی دعاکی گئی۔