اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مہمند میں ایف سی ہیڈ کوارٹر پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کا حملے کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے تاریکی میں حملہ کرنے والے بزدل دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا اور فتنہ الخوارج کے 4 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرکے عبرتناک انجام تک پہنچایا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ حملہ ناکام بنانے اور دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے ناپاک وجود کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں نے ہمیشہ بروقت ایکشن کرکے دہشتگردوں کی کارروائیوں کو ناکام بنایا ہے جس پر قوم بجا طور پر فخر کر سکتی ہے۔