لندن ۔(نمائندہ خصوصی ):نائب وزیراعظم ووفاقی وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت قلیل عرصے میں ملکی معیشت کو درست سمت میں گامزن کرنے میں کامیاب رہی ہے ، ایٹمی طاقت کی طرح پاکستان کو معاشی قوت بنانا ہے ۔وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کی فعال اور انتھک کوششوں کی بدولت پاکستان کے بین الاقوامی تنہائی میں ہونے کے دعوے غلط ثابت ہوئے ہیں ،برطانیہ کا دورہ انتہائی مصروف اور اہمیت کا حامل تھا، برطانوی نائب وزیراعظم اور دیگر راہنمائوں سے مفید ملاقاتیں ہوئیں ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کو لندن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ برطانوی قیادت سے پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی سے متعلق بھی گفتگو ہوئی ،بدقسمتی سے پی ٹی آئی دور میں ایک وزیر کے غیر ذمہ دارانہ بیان سے صورتحال خراب ہوئی ،پروازوں کی بحالی کے معاملے پر یورپی یونین سے بھی گفتگو جاری ہے ، ہوابازی کے شعبے میں عالمی معیارات کی پاسداری کے لیے پرعزم ہیں ، پروازوں کی بحالی کے لیے تمام اقدامات کیے جارہے ہیں، ہوابازی کے شعبے کی ترقی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کاوشیں کی جارہی ہیں ، پہلے مرحلے میں اسلام آباد ائیر پورٹ کی آئوٹ سورسنگ کی جارہی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر ہو یا فلسطین ،پاکستان اپنی ذمہ داریاں ادا کرتا رہے گا،مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل سے ممکن ہے ،پاکستان نے نہتے فلسطینیوں کے لیے مصر اور اردن کے ذریعے امدادی سامان بھجوایا ، انہوں نے کہا کہ پاکستان 182ممالک کی حمایت سے سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہوا، پاکستان سلامتی کونسل کی 2سالہ غیر مستقل رکنیت میں عالمی امن و استحکام کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گا،انہوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا کی روک تھام کے لیے بھی پاکستان نے ہر فورم پر آواز اٹھائی، ہماری کوششوں سے اسلاموفوبیا پر او آئی سی کا خصوصی نمائندہ مقرر کیا گیا۔اسحاق ڈار نے کہاکہ پاکستان نے فلسطینی طلبہ کو میڈیکل کی تعلیم جاری رکھنے کے لیے اپنے ملک میں داخلہ دینے کا فیصلہ کیا ،اوور سیز پاکستانیوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں ، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پارلیمنٹ میں نمائندگی دینا ہمارے ایجنڈے میں ہے ،پاکستان کے عالمی سطح پر تنہا ہونے کی باتوں کو غلط ثابت کردیاہے ، برطانیہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات اہمیت کے حامل ہیں،برطانیہ میں مقیم 17لاکھ پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں ، سب جانتے ہیں کہ 2018میں پاکستانی معیشت کے ساتھ کیاہوا ۔نائب وزیراعظم ووفاقی وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت برطانیہ سے آنے اور جانے والی پروازوں کو جلد از جلد بحال کرنے کی کوششیں کر رہی ہے۔پاکستان برطانیہ کے ساتھ دیرینہ شراکت داری کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دوطرفہ تعلقات کا اصل محور پاکستانی تارکین وطن ہیں۔برٹش پاکستانی سب سے زیادہ واضح، متنوع ، نہایت موثر اور متحرک ثابت ہوئے ہیں جو نہ صرف میزبان ملک بلکہ پاکستان کی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے برطانیہ کی ایوی ایشن اتھارٹی کی تازہ ترین ضروریات کے مطابق ہم نے ہر ممکن کوشش کی ہے، یہاں تک کہ ہم نے قوانین میں تبدیلی بھی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سابقہ حکومت کے ایک وزیر کے غیر ذمہ دارانہ بیان نے پاکستان کے تمام طیاروں کو یورپ، برطانیہ اور مغربی دنیا میں گراؤنڈ کر دیا۔برطانیہ کے سرکاری دورے پر موجود نائب وزیراعظم ووفاقی وزیر خارجہ اسحاق ڈارنے کہا کہ حکومت پاکستان ایئر لائنز(پی آئی اے)کی نجکاری اوراسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی آوٹ سورسنگ کے مزید اقدامات کر رہی ہے۔2013 میں ملک کی بدترین معاشی اور سکیورٹی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ بڑے بین الاقوامی مالیاتی ادارے پاکستان کی معیشت کو سیاسی طور پر غیر مستحکم ملک قرار دے رہے تھے اور اسے چھ ماہ کے اندر ڈیفالٹ ہونے کا خدشہ ظاہر کر رہے تھے ۔معاشی دلدل سے نکلنے میں ایک دہائی سے زیادہ کا وقت لگنے کا خدشہ بھی ظاہر کیاجارہاتھا ۔تاہم اقتدار میں آنے کے صرف ڈیڑھ سال بعد مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملکی معیشت کو درست سمت میں گامزن کرنے میں کامیاب رہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایشیا کی بہترین سٹاک مارکیٹ اور دنیا کی پانچویں بہترین سٹاک مارکیٹ بن گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ 2017 تک پاکستان 24 ویں عالمی معیشت بن گیا تھا ۔ تاہم2018 کے بعد کے دور میں، اگلی حکومت کی خراب حکمرانی کے نتیجے میں 2022 میں درجہ 47 تک گر گیا، جوملک کی معیشت کا سب سے افسوسناک حصہ ہے۔دہشت گردی کے حوالے سے نائب وزیراعظم نے کہا کہ 2013 میں معیشت، انتہا پسندی اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ تین سب سے بڑے چیلنجز تھے جن پر مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنی محنت اور دانشمندانہ پالیسیوں کی بدولت قابو پایا۔ نائب وزیر اعظم نے 2022 میں پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے پالیسی میں تبدیلی پر مایوسی کا اظہار کیا جس کی وجہ سے تشدد اور دہشت گردی ملک میں واپس آئی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں ایسے خطرناک مجرموں کو جیلوں سے رہا کیا گیا جو مالاکنڈ میں سکول کے بچوں کے قتل اور پاکستانی پرچم کی بے حرمتی میں ملوث تھے۔نائب وزیراعظم ووفاقی وزیر خارجہ اسحاق ڈارنے ملک سے دہشت گردی کو دوبارہ جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔ نائب وزیراعظم ووفاقی وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ایٹمی قوت کی طرح پاکستان کو معاشی قوت بھی بناناہے ، صدرمسلم لیگ (ن )محمد نواز شریف سیاسی طور پر مکمل متحرک ہیں ،محمد نواز شریف وفاقی اور پنجاب حکومت سے مکمل رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہاکہ شہدا ءکی قربانیوں کی بدولت ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں ،شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔