اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):پاک بحریہ کے جہازوں شمشیر اور ہیبت نے مشق نصل البحر میں شرکت کے لیے ابو ظہبی کا دورہ کیا۔ پاکستان نیوی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نیوی کے جہازوں کی آمد پر متحدہ عرب امارات کی بحریہ کے سینئر حکام اور پاکستان کے دفاعی اتاشی نے استقبال کیا۔مشن کمانڈر نے کمانڈنگ آفیسرز پی این ایس شمشیر اور پی این ایس ہیبت کے ہمراہ ڈپٹی کمانڈر یو اے ای نیوی بریگیڈیئر عبداللہ فراج المحیری سے ملاقات کی۔ملا قات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کا اعادہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ میزبان بحریہ کے ساتھ مشق نصل البحر کے انعقاد کے لیے طریقہ کار پر بھی غور کیا گیا۔بندرگاہ پر قیام کے دوران متحدہ عرب امارات کے معاون وزیر برائے سلامتی اور میری ٹائم افیئرز سلیم سعید الجابری، متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر، متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کی اعلیٰ قیادت اور پاکستانی کمیونٹی کے معززین اور طلباء نے بھی جہاز کا دورہ کیا۔ دونوں بحری افواج کے افسروں اور جوانوں نے جہازوں اور بحری تنصیبات کے دو طرفہ دورے بھی کئے اور مشترکہ کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیا۔مزیدبرآں پی این ایس شمشیر اور پی این ایس ہیبت مشق نصل البحر میں شرکت کریں گے۔ مشق کا مقصد دونوں بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون کو بڑھانا، آپریشنل تیاریوں کوبہتر کرنا اور موجودہ مضبوط دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے۔