کوئٹہ۔ (نمائندہ خصوصی )وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نےسیکیورٹی فورسز کے قلات میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو ثبوتاژ کرنے کی تمام سازشیں ناکام ہونگی۔ہفتے کو اپنے بیان میں وزیر اعلٰی بلوچستان نے کہا کہ قلات میں سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع پر موثر کارروائی کی اور انتہائی محتاط اور پیشہ وارانہ طرز پر آپریشن کرتے ہوئے دہشتگردوں کو ان کے انجام تک پہنچایا، پوری قوم سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار قیام امن کیلئے تمام تر اقدامات کئے جاررہے ہیں ،ریاست کی عمل داری اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔