راولپنڈی(نمائندہ خصوصی ):پاکستان کی اعلیٰ عسکری قیادت نے کہا ہے کہ انسٹھ سال پہلے پاک مسلح افواج نے دشمن کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنایا اور ایک تاریخی فتح حاصل کی جو ہمیشہ کے لئے تاریخ کے اوراق میں درج رہے گی۔ 1965 کی جنگ ایک امید کی کرن تھی جس نے قوم کے عزم اور حوصلے کی مثال قائم کی۔ہم پاکستان کے ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے 1947 سے لے کر اب تک اور خاص طور پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانیں قربان کیں۔ ان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔ہم ان غازیوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے بہادری سے جنگ لڑی، ان کی بہادری اور قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق 59 ویں یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور پاک مسلح افواج نے کہا کہ 1965 کی جنگ کی شاندار میراث کو فخر سے یاد کرتے ہیں، جو قوم کے ناقابل تسخیر عزم اور بے مثال حوصلے کا مظہر ہے۔یہ دن ہمارے بہادر سپاہیوں کی جرات، قربانی اور بہادری کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے منایا جاتا ہے، جنہوں نے بے مثال حالات میں مادر وطن کا دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کو ہر قسم کے خطرات اور چیلنجز سے بچانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر اپنے وطن کے دفاع کے لیے تیار ہیں، بے مثال جذبے اور پختہ عزم کے ساتھ ستمبر 1965 کے جذبے کو برقرار رکھتے ہوئےہم اپنے تمام شہداء اور غازیوں کے خاندانوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کی قربانیوں کا بوجھ جرات اور حوصلے کے ساتھ اٹھایا۔عسکری قیادت کا کہنا تھا کہ آئیے اس یومِ دفاع و شہداء پر اپنے شہداء اور ہیروز کی یاد کو تازہ کریں، ان کی قربانیاں ہمیں ایک مضبوط، خوشحال اور پُرامن پاکستان کی جدوجہد کے لئے ہمیشہ متاثر کرتی رہیں گی۔