اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑنے کہاہے کہ شہداء ملک و قوم کا فخر ہیں ،شہداء نے اپنی جانیں قربان کرکے قوم کی حفاظت کو یقینی بنایا ،شہداء ملک و قوم کے محسن ہیں ۔جمعہ کو یہاں جاری بیان میں کہا گیا کہ یوم دفاع پاکستان کے موقع پر وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ میجر ہمایوں جہانزیب شہید کے گھر گئے اور شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔واضح رہے کہ شہید میجر ہمایوں جہانزیب 6 اگست 2015 کو ایک مشن کے دوران مانسہرہ کے قریب ہیلی کاپٹر کریش میں شہید ہو گئے تھے۔ ان کا تعلق آرمی ایوی ایشن کے 27 ویں سکوارڈن سے تھا۔ وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ میجر ہمایوں جہانزیب جیسے شہید ملک و قوم کا فخر اور سرمایہ ہیں۔انھوں نے شہید کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔