لاہور۔(نمائندہ خصوصی ):وزیرمملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شیزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، فوج کے خلاف مہم چلانے والوں کا مقابلہ کرنا ہو گا ،ہمیں متحد ہو کر فوج کا ساتھ دینا ہو گا، شہدا کی قربانیوں کی وجہ سے ہم آج اپنے گھروں میں محفوظ زندگی گزار رہے ہیں ۔ وہ جمعہ کو یہاں والٹن میں کیپٹن محمد علی قریشی شہید کے گھر جا کر لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرنے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔شیزا فاطمہ نے کیپٹن محمد علی قریشی کی خدمات اور بہادری کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہماری ہمدردیاں شہید کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں، انہوں نے شہید کیپٹن کے اہلِخانہ کے جذبہ حب الوطنی و ایثار کو
سراہااور کہا کہ قوم شہدا اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے ہیروز ہیں ، دہشت گردی کے فتنے کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے آخری دم تک کوششیں جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اس وقت فیک نیوز کا بڑا چیلنج درپیش ہے جس سے نمٹنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، سوشل میڈیا کے غلط استعمال کو روکنے کیلئے ہر اقدام کریں گے، جوڈس انفارمیشنز پھیلائی جا رہی ہیں،ان ساری چیزوںکو ہمیں بڑی سختی سے دیکھنا پڑے گا اور اس کیلئے ہمیں جو بھی کرنا پڑا ہم کریں گے ۔ اس موقع پر شہید کی والدہ نے کہا کہ مجھے اپنے بیٹے کی قربانی پر فخر ہے ،میرے اور بچے بھی ہوتے تو وطن پر قربان کر دیتی، میرے بیٹے نے وطن کی خاطر قربانی دے کر ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔شہید کی بہن نے کہا کہ کیپٹن محمد علی قریشی میرا اکلوتا بھائی تھا ،مجھے اس کی قربانی پر فخر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نفرت بھری باتوں سے پرہیز کرنا چاہیے۔اس موقع پر شہید کی بیوہ نے گیارہ ماہ کی بچی کو گود میں اٹھائے ہوئے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ نفرتیں نہ پھیلائی جائیں ، ملک کو محفوظ بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کیا جائے۔ قبل ازیں وزیر مملکت نے شہید کیپٹن محمد علی قریشی کیلئے فاتحہ خوانی، بلندی درجات اور ورثا کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔