نئی دہلی :(مانیٹرنگ ڈیسک ) کانگریس نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نریندر مودی کی زیر قیادت بی جے پی کی بھارتی حکومت کی ناروا پالیسیوں کے حوالے سے ایک چارج شیٹ جاری کر دی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ چارج شیٹ کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کی ہے۔چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر میں لوگوں کی آواز دبائی جا رہی ہے، تمام اختیارات لیفٹیننٹ گورنر کے پاس ہیں اور وعدوں کے باوجود جموںوکشمیر کا ریاستی درجہ بحال نہیں کیا جا رہا۔کانگریس نے چارج شیٹ میں مزید کہا کہ مقامی آبادی کو نظرانداز کیا جا رہا ہے جبکہ باہر کے لوگوں کو زمین، وسائل اور ملازمت کے مواقع تک ترجیحی رسائی دی جا رہی ہے۔ کانگریس کی یہ چارج شیٹ مقبوضہ علاقے کو درپیش سنگین مسائل کی نشاندہی کرتی جن میں مہنگائی ، بیروزگاری، ٹیکسوں کی بھر مار، پانی کی قلت، بجلی کی عدم دستیابی وغیرہ شامل ہیں۔چارج شیٹ میں مزید کہا گیا کہ بی جے پی حکومت بدعنوانی کو فروغ دے رہی ہے، اس میں مزید کہا گیا کہ کان کنی اور تعمیرات کے منافع بخش ٹھیکے ساتھیوں کو دیے جا رہے ہیں جب کہ بدعنوانی کو بے نقاب کرنے کی کوشش کرنے والوں کو ظلم و ستم کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔کانگریس کی چارج شیٹ مقبوضہ علاقے میں ہونے والے نام نہاد اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں جاری کی گئی ہے، جو تین مرحلوں میں 18 ستمبر، 25 ستمبر اور 1 اکتوبر کو ہونگے، ووٹوں کی گنتی 8 اکتوبر کو ہو گی۔