کوئٹہ۔(نمائندہ خصوصی ):ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی و کاکس کی چئیرپرسن محترمہ غزالہ گولہ نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے، خواتین کو معاشی ،اقتصادی اور سماجی طور پر بااختیار بنانے کے لئے حکومت اور غیر سرکاری تنظیموں کے مابین موثر رابطہ کاری اور اشتراکی تعاون پر مبنی اقدامات کی ضرورت ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف ڈی آئی پاکستان کی سربراہ عظمیٰ یعقوب سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر خواتین اور کمزور طبقات کے تحفظ، کم عمری کی شادی کے قانون کی موجودہ صورتحال اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ طبقات کی معاونت پر تبادلہ خیال کیا گیا،ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت خواتین اور تمام پسماندہ اور کمزور طبقات کو ہر شعبہ زندگی میں ترقی کے مواقعوں کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے، پاکستان پیپلزپارٹی پسماندہ طبقات کی نمائندہ جماعت ہے بلوچستان میں پیپلز پارٹی کے وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی کی سربراہی میں قائم مخلوق حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے دیرپا ترقیاتی منصوبوں پر تشکیل اور عمل درآمد پر گامزن ہےڈپٹی اسپیکر نے یقین دلایا کہ بلوچستان میں خواتین ٹرانس جینڈر سمیت نظر انداز طبقات کے حقوق کے تحفظ سے متعلق قانون سازی کے لئے اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے موثر پالیسیوں کی تشکیل پر کام ہورہا ہے جن ہر عمل درآمد سے معاشرتی تفریق میں بتدریج کمی آئے گی اس موقع پر ایف ڈی آئی پاکستان کی سربراہ عظمیٰ یعقوب نے ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی کو سوئینر پیش کیا۔