لندن: برطانیہ میں ایک شخص کو صرف 16 سیکنڈ کے لیے ماسک اتارنے پر لاکھوں کا جرمانہ ادا کرنا پڑگیا۔
برطانیہ میں کرسٹوفر او ٹول نامی شخص نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے خریداری کے دوران کچھ دیر کے لیے اپنے چہرے سے ماسک اتار دیا تھا جس کے بدلے اسے بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑا۔
کرسٹوفر نے کہا کہ انہیں ماسک پہننے کے اصول سے کوئی مسئلہ نہیں ہے، انہوں نے تھوڑی دیر کے لیے شاپنگ کرتے ہوئے اپنا ماسک اتار دیا لیکن اس کے بدلے انہیں 400 پاؤنڈز یعنی 2 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنا پڑا۔
کرسٹوفر او ٹول کے ساتھ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ ایک جگہ خریداری کر رہے تھے، کرسٹوفر کے مطابق ان کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی، اس لیے انہوں نے تقریباً 16 سیکنڈ تک اپنا ماسک اتارے رکھا۔
اسی وقت پولیس اہلکار اسٹور کے اندر آئے اور ماسک نہ پہننے پر اس کا نام نوٹ کیا، یہ واقعہ گزشتہ سال فروری کے مہینے کا ہے جب برطانیہ میں ہر جگہ ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا تھا۔
واقعے کے چند دن بعد کرسٹوفر کو کرمنل ریکارڈ آفس سے ایک خط موصول ہوا جس میں اسے 10 پاؤنڈز یعنی تقریباً 10 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کو کہا گیا تھا۔
کرسٹوفر نے اس خط کے بدلے میں حکام کو ای میل کے ذریعے جرمانے کی ادائیگی نہ کرنے کی وضاحت پیش کی، جس پر انہیں حکام کی جانب سے ایک اور خط دیا گیا جس میں جرمانے کی رقم بڑھا کر 400 پاؤنڈز یعنی 2 لاکھ روپے کر دی گئی۔