اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) میں منگل کو تھاٹ لیڈرز فورم کا انعقاد ہوا جس میں مقررین نے ”پاکستان کا بدھسٹ ہیریٹیج: امن اور ہم آہنگی“ پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تھاٹ لیڈرز فورم کے اپنے تازہ ترین ایڈیشن میں انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز نے تھائی لینڈ کے ایک سینئر راہب ڈاکٹر انیل ساکیا کی میزبانی کی۔ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس ایس آئی ایمبیسیڈر سہیل محمود نے اپنے استقبالیہ کلمات میں ڈاکٹر انیل ساکیا کے ایک قابل احترام روحانی پیشوا کے طور پر شاندار سفر پر روشنی ڈالی اور دنیا بھر میں بدھ مت کے فلسفے اور ورثے کی تفہیم میں ان کی نمایاں خدمات کو سراہا۔انہوں نے پاکستان کے بدھ مت گندھارا ورثے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ خطہ عالمی سطح پر بدھ مت کے چند اہم اور مقدس مقامات کا گھر ہے، یہ مقامات بشمول ٹیکسلا، پشاور، سوات، تخت بھائی گندھارا تہذیب کے عروج کے دوران سیکھنے اور تخلیقی صلاحیتوں کے مراکز تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس ورثے کے تحفظ اور فروغ کے ذریعے پاکستان نہ صرف اپنے ماضی کا احترام کر رہا ہے بلکہ امن اور ہم آہنگی پر عالمی مذاکرات میں بھی گراں قدر کردار ادا کر رہا ہے۔ ڈاکٹر انیل ساکیا نے اپنے خطاب میں پاکستان کے منفرد بدھ مت کے ورثے کی گہری اہمیت کا ذکر کیا جو ہزاروں سال پرانا ہے اور جو دنیا کے چند مستند اور قدیم بدھ مت کے مقامات اور نمونوں کی نمائندگی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نہ صرف بدھ مت تہذیب کا گہوارہ ہے بلکہ اس محفوظ ورثے نے امن اور ہم آہنگی کو فروغ دینے میں دنیا کو متاثر کرنے والی اور رہنمائی کرنے والی زندہ روایت کے طور پر کام کیا ہے۔ ڈاکٹر انیل ساکیا نے گزشتہ دہائیوں میں پاکستان کے اپنے متعدد دوروں اور ملک کے ثقافتی اور مذہبی منظر نامے کے بارے میں بہتر آگاہی پیدا کرنے کے لیے اپنی کوششوں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے تھائی لینڈ اور امریکہ میں اپنے تدریسی تجربات سے کہانیاں شیئر کیں جہاں انہوں نے بدھ مت کے اصولوں کی عالمگیریت اور پاکستان کے بدھ مت کے ورثے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے کے لیے تھائی حکام کے ساتھ اپنے کام کا بھی ذکر کیا جس میں تھائی لینڈ میں پاکستان کے بدھ مت کے نمونوں کی نمائش اور اس بھرپور ورثے کی گہری تفہیم اور تعریف کو فروغ دینے کے لیے نمائشوں کی تجاویز شامل ہیں۔ قبل ازیں چائنا پاکستان سٹڈی سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر طلعت شبیر نے آج کی دنیا میں بدھ مت کی تعلیمات خاص طور پر عالمی چیلنجوں کے درمیان امن، باہمی احترام، بقائے باہمی اور ہم آہنگی کو فروغ دینے پر زور دیا۔ فورم میں تھائی لینڈ کے محکمہ مذہبی امور کے ڈائریکٹر جنرل چلیاپون سک لیم کی قیادت میں تھائی وفد نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں ماہرین تعلیم، سول سوسائٹی اور میڈیا کے ارکان سمیت مختلف لوگوں نے شرکت کی۔