اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):پاکستان پوسٹ نے پوسٹل صارفین کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پیشہ وارانہ خدمات کی فراہمی کیلئے ملک بھر کے 2800 ڈاکخانہ جات کی ڈیجیٹلائزیشن کے منصوبے کا آغاز کیا ہے جس کے تحت محکمہ ڈاک ایگزم بینک کے تعاون سے جنوبی کوریا کے ماڈل پر ڈاکخانہ جات کی آٹومیشن کرے گا۔پاکستان پوسٹ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر برائے آٹومیشن اطہر مسعود نے جمعرات کو یہاں ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ اس پراجیکٹ کے تحت پاکستان پوسٹ نے جنوبی کوریا کی فرم مون انجینئرنگ کے ساتھ معاہدہ کیا ہے جو پاکستان پوسٹ کے پیشہ وارانہ امور اور خدمات کی فراہمی کے نظام کو جنوبی کوریا کے ڈاکخانوں کے ماڈل پر جدید خطوط پر استوار کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ کیلئے کوریا کے ایگزم بینک نے انتہائی آسان شرط پر تعاون فراہم کیا ہے اور کوریا اس حوالہ سے پاکستان کو 0.1 فیصد شرح منافع کے ساتھ 40 سال کیلئے 20.6 ملین ڈالر قرض فراہم کرے گاجسے پاکستان پوسٹ ششماہی بنیاد واپس کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ کے تحت سافٹ ویئر کور کے ذریعے تمام سروسز کو جدید خطوط پر استوار کر دیا جائے گا اور پاکستان پوسٹ اپنے صارفین کو ملک بھر کے ڈاکخانہ جات سے آٹومیشن سسٹم کے تحت خدمات کی فراہمی کا آغا ز کر دے گا۔اطہر مسعود نے بتایا کہ یہ منصوبہ 26 ماہ میں مکمل ہو گا، ان تمام شرائط کے ساتھ پاکستان پوسٹ اور مون انجینئرنگ (کوریا) کے مابین معاہدہ طے پا گیا ہے ،اس حوالہ سے گذشتہ روز ایک سادہ اور پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں فریقین نے اس معاہدہ پر باضابطہ دستخط کر دیئے ہیں۔