کوئٹہ۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ ہم مصمم ارادے اور اجتماعی بصیرت کیساتھ بلوچستان میں دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کرینگے اور دہشتگردوں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے، بلوچستان میں پیش آنے والے حالیہ دلخراش واقعہ پر پوری پاکستانی قوم غمزدہ ہے ، دہشتگردی کے گھنائونے منصوبے کے تحت بے گناہ پاکستانیوں کا خون بہانے والے خارجی دہشتگردوں کا سرکچلاجائے گا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ میں نیشنل ایکشن پلان کی صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر،نائب وزیراعظم اور وفاقی وزیر خارجہ اسحاق ڈار،گورنر بلوچستان شیخ جعفرخان مندوخیل، وزیراعلی بلوچستان میرسرفرازبگٹی ،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ،وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ،وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ،وفاقی وزیر تجارت جام کمال ،کورکمانڈر بلوچستان راحت نسیم احمد ،چیف سیکرٹری شکیل قادرودیگر بھی موجود تھے ۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ 26اگست کو بلوچستان میں دہشتگردی کا جوواقعہ پیش آیا وہ انتہائی دلخراش ہے
اس واقعہ سے پورے پاکستان کے عوام میں تشویش کی لہر دوڑگئی ہے ،اس اندوہناک واقعہ پرپوری پاکستانی قوم غمزدہ ہے لیکن ہم واضح کرتے ہیں کہ ہم اجتماعی بصیرت وقوت ارادی اور غیرمتزلزل ارادے کے ساتھ بلوچستان میں دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کرینگے،بلوچستان پاکستان کاایک اہم اور خوبصورت صوبہ ہے جس کی ترقی وخوشحالی کے راستے میں تمام رکاوٹیں دور کی جائیں گی ۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان میں خارجی عناصر نے دہشتگردی کا منصوبہ بنایااور بے گناہ پاکستانیوں کا خون بہایا جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں ،ایف سی،لیویز اہلکاروں سمیت عام شہری شامل ہیں لیکن شہدا کا لہو رائیگاں نہیں جانے دیا جائےگا ۔وزیر اعطم نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اللہ تعالی کے فضل وکرم سے افواج پاکستان، چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی لیڈر شپ میں وفاقی حکومت کے مکمل تعاون کے ساتھ دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے گی ، دہشتگردی نے پورے پاکستان میں2018 کے بعدجو دوبارہ سراٹھایاہے اس کا سر کچلا جائے گا ،پاکستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے سب کو مل کر آگے بڑھناہوگا۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ قائداعظم محمد علی جناحؒ ،علامہ محمد اقبالؒ کی راہ چلتے ہوئے وطن عزیز کے استحکام کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے ،وزیراعظم نے اس عزم کااظہار کیاکہ مصمم ارادے کے ساتھ اجتماعی کاوشوں سے دہشتگردی کا خاتمہ کرینگے ۔